بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو کولکتہ میں اپنے گھر عشایئے پر مدعو کیا/ویڈیو اسکرین گریب بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سربراہ سارو گنگولی نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما اور یونین منسٹر امیت شاہ کو کولکتہ میں اپنے گھر عشایئے پر مدعو کیا تھا۔امیت شاہ گنگولی کی جانب سے مدعو کیے جانے پر ان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ عشائیہ کیا، اس موقع پر گنگولی کی رہائش گاہ کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ یونین منسٹر امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے بی سی سی آئی کے اعزازی سیکرٹری بننے کے بعد گنگولی نے امیت شاہ کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا۔امیت شاہ کو مدعو کیے جانے پر گنگولی کا کہنا تھا کہ اس عشایئے کو کسی سیاسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ امیت شاہ کو تقریباً دس سال سے جانتے ہیں اور ان سے متعدد ملاقاتیں بھی رہی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پہلی مرتبہ نہیں جب گنگولی نے اپنی سیاسی وابستگی سے انکارکیا ہے بلکہ اس سے قبل بھی وہ مغربی بنگال کے اسمبلی الیکشن کے موقع پر امیت شاہ سے ملے تھے تب بھی انہوں نے اس ملاقات کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرنے کہا تھا۔اس موقع پر بھی گنگولی نے بی جے پی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کی تھی تاہم ایک بار پھر ان کی امیت شاہ سے ملاقات پر سابق کرکٹر کی بی جے پی میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔