محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دن 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے/ فائل فوٹو محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 12 مئی سے مزید گرمی کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر 12 مئی سے زیادہ شدت کے ساتھ پورے سندھ کو لپیٹ میں لے سکتی ہے جو 17 مئی تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں پارہ 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے جب کہ زیریں سندھ میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور 13، 14 مئی کوکراچی میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ انتہائی گرم اور خشک موسم سبزیوں ،باغات اور فصلوں پر دباؤ ڈال سکتا ہے لہٰذا کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا انتظام کریں۔محکمہ موسمیات نے شدید گرمی میں شہریوں کو دن 11 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔