مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فارن فنڈنگ میں ثابت شدہ منی لانڈرر دوسروں پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے—فوٹو: فائلوفاقی وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بول بول کے تھکے نہیں،عوام کی بس ہوگئی ہے۔مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فارن فنڈنگ میں ثابت شدہ منی لانڈرر دوسروں پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے، یہ شخص اربوں روپے کی غیرقانونی فنڈنگ میں پکڑا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ ن نے اقتدار چھوڑا تھا تو ملک چینی اور گندم ایکسپورٹ کر رہا تھا،عوام نے 2022 میں عمران صاحب کو نکا لا تو پاکستان گندم اور چینی امپورٹ کر رہاہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کے دور میں ڈی اے پی کی بوری 2600 سے 10 ہزار پر پہنچ گئی ،کسان آپ کے دور میں کھاد کے لیے دھکے کھاتے رہے جبکہ چار سال میں آٹا 35 سے 90 ، چینی 52 سے 120 روپے کلو ہوگئی، بجلی فی یونٹ 11 سے 24 جبکہ گیس 600 سے 1400 روپے مہنگی ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب جتنا مرضی جھوٹ بولیں،آپ کا سیاہ اعمال نامہ عوام کے سامنے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزاٹک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ سازش روک سکتے تھے انہیں پہلے خود بتایا پھر وزیر خزانہ شوکت ترین سے کہا کہ جاکر سمجھاؤ۔جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ جیل جانے کو تیار ہیں، جان کی قربانی دینے کو تیار ہیں لیکن امریکا کی غلامی تسلیم نہیں کریں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تھری اسٹوجز نے بائیڈن انتظامیہ سے مل کر سازش کی، پاکستان میں بیٹھے امریکی ہینڈلرز نے حکومت گرا دی، الیکشن کے اعلان تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔