کےالیکٹرک کی ساری توجہ شہریوں کو بھاری بلوں کے ذریعے لُوٹنے پر ہے، وزیراعظم شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لیں: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی۔ فوٹو: فائلشہر قائد میں بجلی کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی، وفاق سے 1100 میگا واٹ بجلی ملنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی ناپید ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ بجلی کا پیداواری اور تقسیم کا نظام تباہ حال ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔رابطہ کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کی ساری توجہ شہریوں کو بھاری بلوں کے ذریعے لُوٹنے پر ہے، وزیراعظم شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا نوٹس لیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی نے بھی کے الیکٹرک کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔