اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2024ء) برصغیر کے بلند پایہ شاعر، ممتاز صحافی اور مرموز علوم کے ماہر سید محمد مہدی المعروف رئیس امروہوی کی برسی اتوار 22ستمبر کو منائی جائے گی۔وہ 12 ستمبر 1914 کو بھارتی ریاست یوپی کے شہر امروہہ کے علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔1936 میں صحافت سے وابستہ ہوئے اور ابتدا میں امروہہ کے اخبارات قرطاس اور مخبر عالم کی ادارت کی۔ بعد ازاں روزنامہ جدت (مرادآباد) کے مدیر اعلیٰ رہے۔ رئیس امروہی ، سید محمد تقی اور جون ایلیا کے بڑے بھائی تھے۔
(جاری ہے)
قیام پاکستان کے بعد 19 اکتوبر 1947کو ہجرت کر کے کراچی آ گئے اور روزنامہ جنگ سے منسلک ہونے کے بعد یہاں مستقل سکونت اختیار کی۔ ان کی ادارت میں جنگ پاکستان کاسب سے کثیرالاشاعت روزنامہ بن گیا۔ صحافتی کالم کے علاوہ رئیس امروہی کے قصائد، نوحے اور مثنویاں اردو ادب کا بیش بہا خزانہ ہیں۔ نثر میں انہوں نے نفسیات و فلسفہ روحانیت کو موضوع بنایا۔ رئیس امروہی 22 ستمبر 1988 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
متعلقہ عنوان :