ہما چل پردیش(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کے انتخابی کامیابی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
38 سالہ کنگنا رناوت نے پچھلے ماہ ہونے والے بھارتی الیکشن میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔
ہماچل پردیش کے ضلع کنور کے رہائشی آزاد امیدوار لایک رام نیگی نے کنگنا رناوت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے اور عدالت نے انہیں نوٹس بھی بھیج دیا ہے۔آزاد امیدوار نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مقررہ معیار کو پورا کرنے کے باوجود ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے ورنہ وہ الیکشن جیت جاتے۔
لایک رام نیگی کا کہنا ہے کہ مجھے بجلی، پانی اور ٹیلی فون کے محکموں کی جانب سے ’کوئی واجب الادا سرٹیفکیٹ‘ لانے کے لیے ایک دن کا وقت دیا گیا اور جب یہ بھی جمع کرا دیے تو ریٹرننگ افسر نے انہیں قبول نہیں کیا اور کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے مندی سے لوک سبھا کی سیٹ پر کانگریس کے امیدوار کو 74،755 ووٹوں سے شکست دی تھی، اداکارہ نے 5 لاکھ 37 ہزار 2 ووٹ حاصل کیے تھے۔