تین کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی لگائی گئی ہے، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پریس کانفرنس
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2024ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن سیکرٹری رانا مجاہد نے انکشاف کیا ہے کہ ہاکی کے 3قومی کھلاڑیوں اور فزیو کا بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مجاہد نے کہاکہ تین کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی لگائی گئی ہے، تینوں کھلاڑی اور ایک فزیو ملک سے باہر گئے ہیں لیکن انہوں نے اس حوالے سے بتایا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے انہوں نے بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست دی ہوئی ہے، یہ تین کھلاڑی ٹیم کے ساتھ پولینڈ اور ہالینڈ کا دورہ کیا تھا اور وہ نیشنز کپ کیلئے ٹیم کیساتھ گئے تھے اور واپس آئے تھے لیکن کیمپ میں نہیں آئے،پتہ چلا ہے وہ ملک سے باہر چلے گئے ہیں لہٰذا تینوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ این او سی کے بغیر باہر گئے ہیں۔
(جاری ہے)
انہوںنے کہاکہ کھلاڑیوں میں مرتضیٰ یعقوب، احتشام اسلم، عبد الرحمان اور فزیو وقاض شامل ہیں۔سیکرٹری فیڈریشن نے کہاکہ چاروں افراد کے پاسپورٹ کینسل کرانے کیلئے وزارت داخلہ کو لکھیں گے،ڈپارٹمنٹس کو بھی اس حوالے سے لکھ دیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ کھلاڑی کس ملک گئے ہیں اس کا علم نہیں لیکن ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے باہر جانے کی تصدیق کی ہے، انہوں نے ہم سے جھوٹ بولا کہ وہ فیملی مصروفیت کی وجہ سے کیمپ میں نہیں آ سکتے۔