بنگلہ دیش میں مظاہرے، وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا

ڈھاکہ، 5/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بنگلا دیش کے آرمی چیف نے وزیر اعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے شیخ حسینہ کے استعفے کی تصدیق کردی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد اور ان کی بہن کو سرکاری رہائش گاہ سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈ کروانے کی کوشش بھی کی لیکن اُنہیں تقریر ریکارڈ کروانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں لوگ وزیر اعظم حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش   کے چیف آف آرمی اسٹاف وقار الزماں کچھ دیر میں خطاب کریں گے۔

بنگلہ دیش  کے آرمی چیف وقار الزماں مقامی وقت کے مطابق 3 بجے قوم سے خطاب کریں گے اور پاکستانی وقت کے مطابق یہ خطاب  دوپہر دو بجے ہوگا۔

رپورٹ میں ایک بنگلہ دیشی فوجی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف ملک کی موجودہ صورتحال پر کچھ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش   میں کوٹا سسٹم کےخلاف ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد300 ہو گئی۔

ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذہے، ریلوے سروسز غیر معینہ مدت کیلئے معطل اور گارمنٹ فیکٹریاں بھی بند ہیں۔

 حالیہ احتجاج کے دوران دوسری بار حکومت نے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سروسز بند کر دیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور واٹس ایپ سروس بھی معطل ہیں۔

اس پر پڑھیں ساحل آن لائن Header Banner