لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب میں ایک بار پھر دکانیں جلد بند کروانے کی تجویز زیر غور ہے۔
پلاننگ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے چاروں صوبوں سے تجاویز لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دکانیں شام سات بجے بند کرنے سے بجلی کے بل 25 فیصد تک کم ہو سکتے ہیں، بجلی کے ریٹ شام 6 سے گیارہ بجے تک کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ اس تجویز پر ہمیشہ تاجروں کی طرف سے مخالفت آتی ہے، وہ تاجر جو ٹیکس نیٹ میں آنا چاہتے ہیں اور نہ جلد دکان بند کرنا چاہتے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ اس کا مقصد شام کو مارکیٹوں میں جزوقتی کاروبار کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ، برطانیہ، چین، یورپ، تھائی لینڈ اور ملائشیا سمیت تمام ممالک 7 بجے دکانیں بند کرتے ہیں، پاکستان کو ترقی کے لئے اپنی 76 سالہ روٹین بدلنا ہوں گی۔