نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی تخلیقی صلاحیتیں ، عزم اور ہمت کو بروئے کار لا کر ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ گامزن کیا جا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام کیا جو ہر سال دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 12 اگست کو منایا جاتا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی نوجوان نسل کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے ،پاکستانی نوجوانوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو تیز تر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں کے کے عالمی دن 2024 کے تھیم "ڈیجیٹل ذرائع برائے پائیدار مستقبل" کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں زندگی کے ہر شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ایک اہم ضرورت بن چکا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت حاصل کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹالائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے، انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق خود کو جدید علوم سے آراستہ کرنے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں استعمال ہونے والی مہارت کو حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی سے اور انہیں جدید علوم سے خود کو آراستہ کرنے کے مواقع فراہم کر کے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سپیکر نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مہارت حاصل کرنے بلا امتیاز مواقعوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے موجودہ حکومت کی جانب سے ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔سپیکر نے کہا کہ موجودہ پارلیمان نوجوان نسل کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے۔اسپیکر نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کے پارلیمانی نظام سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے قومی اسمبلی میں انٹرن شپ پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے قومی اسمبلی آف پاکستان میں نوجوان پارلیمنٹرین پر مشتمل ینگ پارلیمنٹرین فورم تشکیل دیا گیا ہے۔سپیکر نےپیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے اور جیولین تھرو کی تاریخ میں نیا کارڈ بنانے والے جیولین تھرو کے نوجوان کھلاڑی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نوجوانوں کیلئے رول ماڈل ہیں جہنوں نے نامساعد حالات کے باوجود اپنے مصمم ارادہ، مستقل مزاجی اور جدو جہد مسلسل کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا نام کمایا اور ملک اور قوم کا نام بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بچوں اور بچیوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ مستقبل میں بہت سے ارشد ندیم پیدا ہونگے اور اس طرح ملک کا نام روشن کریں گے۔ اس موقع پر، ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو ملک کی تعمیر وترقئ میں مثبت تبدیلی لانے تخلیقی صلاحیتوں اور عزم سے مالامال ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ نوجوان ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سب سے آگے رہے ہیں اور ٹیکنالوجی، تعلیم اور سماجی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عصر حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے اور ملک کے مستقبل کو کیلئے تابناک بنانے کے لیے خود کو جدید علوم سے آراستہ کرنا اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے ۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner