پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
بلاوائیو میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کے خلاف پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنا کر زمبابوے کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15 اعشاریہ 3 اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف 2 اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب اوپنر عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو سنبھالا، اور 57 کے اسکور پر صائم ایوب بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان عثمان خان کی وکٹ کا اٹھانا پڑا جب وہ 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 91 کے اسکور پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے انہوں نے اپنی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا 14ویں اوور کی دوسری گیند پر 100 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔
طیب طاہر اور عرفان خان نے شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 165 رنز تک پہنچایا۔ طیب طاہر نے 39 اور عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔
زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ گراوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ویلنگٹن مساکڈزا اور ریان برل نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان کے طیب طاہر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان آغا نے کہا تھا کہ ہم ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیتنا چاہتے ہیں۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ پہلے بیٹنگ ہو یا بولنگ، کوئی بات نہیں۔