کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہمارے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ہم سے کچھ ہوتا ہے، لیکن باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام بولتا ہے، ہماری گڈ گورننس ہی ایسے لوگوں کو بہترین جواب ہے۔
جناح ہسپتال کراچی میں نئی سہولیات کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف عالمی میڈیا پر زیادہ تر منفی خبریں چلتی ہیں، اگر کچھ اچھی خبریں ہیں تو وہ سندھ کے 3 بڑے ہسپتال ہیں۔
انہوں نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور جناح ہسپتال صحت کے بہترین ادارے ہیں، این آئی سی وی ڈی کو دل کے علاج کے لیے بہترین اداروں کے لیول تک پہنچا دیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ چاہتے ہیں پنجاب میں بھی این آئی سی وی ڈی جیسی سہولت ہو، میں وزیراعظم سے کہتا ہوں کہ ہم ڈاکٹر عذرا اور مراد علی شاہ کو پنجاب بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ صحت کی بہترین خدمات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ کارڈ یالوجی سینٹر کا شمار دنیا کے بہترین سینٹرز میں ہوتا ہے، مجھے جب بھی جے پی ایم سی آنے کا موقع ملتا ہے خوشی ہوتی ہے۔سندھ کے 3 بڑے ہسپتال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ایک اعلیٰ مثال ہیں، بینظیر بھٹو نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو اپنے منشور میں دیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام اور عمل بولتا ہے، سندھ کی تاجر برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔