لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )معروف اداکارہ نادیہ افگن نے اعتراف کیا ہے کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے بچے پیدا نہ کرنے کا فیصلہ ان کا زندگی کا سب سے مشکل ترین فیصلہ تھا، جس میں شوہر نے ان کا ساتھ دیا۔
نادیہ افگن نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھاگیا کہ ان کی زندگی کا مشکل ترین فیصلہ یا وقت کون سا تھا؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے بچے پیدا نہ کرنے کا فیصلہ مشکل ترین تھا۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے 2بار ان کے حمل ضائع ہوچکے ہیں جب کہ انہوں نے متعدد بار بچوں کو جنم دینے کی کوشش بھی کی۔نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے لئے ’ان وٹری فرٹیلائیزیشن‘ (آئی وی ایف) بھی 2بار کروایا لیکن اس باوجود ان کے ہاں حمل نہیں ٹھہرا۔اداکارہ کے مطابق جب انہوں نے ہر طرح سے کوشش کرکے دیکھی لیکن ان کے ہاں حمل نہیں ٹھہر رہا تھا اور بار بار ایسا کرنے کی کوشش میں ان کی صحت خراب ہو رہی تھی، وہ ذہنی و جسمانی طور پر نڈھال ہو رہی تھیں، تب انہوں نے زندگی کا مشکل فیصلہ کیا۔نادیہ افگن نے بتایا کہ انہوں نے مجبور ہوکر اپنی زندگی اور صحت کی بہتری کے لئے فیصلہ کیا کہ اب وہ بچے پیدا نہیں کریں گی اور زندگی کے مذکورہ مشکل ترین فیصلے میں شوہر نے ان کا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شوہر کو انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو خود ہی سمجھائیں گے اور ان کے شوہر نے سب کو اچھی طرح سمجھایا اور تمام معاملات کو نمٹایا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی نادیہ افگن طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے اپنے ہاں بچوں کی پیدائش نہ ہونے کی بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ 2بار ان کے حمل ضائع ہوچکے ہیں اور انہوں نے 2 بار آئی وی ایف بھی کروایا لیکن اس باوجود ان کے ہاں حمل نہیں ٹھہرا۔