پنجاب بھر کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کوگارڈ آف آنر ، وزیر اعلیٰ خوشی سے آبدیدہ،طلباءاور اساتذہ کیلئے کروڑوں کے کیش پرائزز

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے پنجاب بھر کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کو کروڑوں کے کیش پرائزانعامات،سکالر شپ،گارڈ آف آنر، میرٹ کو سیلوٹ اوراسناد تقسیم کی گئیں۔

وزیر اعلیٰ  نے پنجاب بھر کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کی لیڈرز فارٹو ماروایوارڈز 2024ء کی تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب کے 9 بورڈز کے 138 پوزیشن ہولڈرز طلباء اور انکے اساتذہ کو 5کروڑ 86 لاکھ کے کیش انعامات دئیے گے اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو سی ایم اسکالرشپ پروگرام دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی آرٹی فیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز بچے جہاں تعلیم حاصل کرنے چاہتے ہیں، کریں، فیس میری ذمہ داری ہے۔ پنجاب بھر کے پوزیشن ہولڈرز کو پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس پر وزیر اعلیٰ  خوشی سے آبدیدہ ہوگئیں۔ پنجاب پولیس کے بینڈ نے پوزیشن ہولڈرز کو سلامی پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کی اور کامیابی پر شاباش دی۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ  کے ایجوکیشن سیکٹر کے سپیشل انیشیٹیوز پر طلباء کے فیڈ بیک پر ڈاکومنٹری پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ  کی تقریب میں آمد پر پوزیشن ہولڈرز بچوں نے پر زور تالیاں بجا کر استقبال کیا۔ عثمان طاہر جپہ نے تلاوت قرآن پاک پیش کی اورگورنمنٹ سکول کینٹ کی طالبہ حنفیہ خلیل نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔ گورنمنٹ ہائی سکول والٹن سکول کے طلبہ نے قومی ترانہ اور ملی نغمہ پیش کیا۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچو یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے۔ یہ مٹی بہت زرخیز ہے، ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہے۔ وزیر اعلیٰ  کو مومنٹو پیش کیا گیا۔

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - تعلیم اور صحت Header Banner