دادو (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ماضی میں مہنگی بجلی کے پلانٹ لگائے، سندھ حکومت کو سستی بجلی کی پیداوار سے روکا، وہی آج سولر پینل دینے کی بات کر رہے ہیں۔
دادو میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بات کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ تو کام خراب کرکے اُسے صحیح کرنے کےلیے پیسے پانی میں پھینکنے جیسا ہوا، سندھ حکومت ایسا ہر گز نہیں کرے گی، ہم بجلی بحران کا پائیدار حل نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سندھ کے عوام کے مفاد کےلیے کام کیا، صوبے کے لوگوں کو ہم پر اعتماد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی ہدایت اور رہنمائی میں بجلی کے بحران کو حل کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران پیدا کیا گیا، مہنگے بجلی گھر امپورٹڈ کوئلے اور ایل این جی پر لگائے گئے، سندھ حکومت کو روکا گیا کہ ونڈ اور سولر پاور پلانٹ نہ لگائیں، مگر اب وہ خود سولر پلانٹ لگانے کی باتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم این وی ڈرین وفاق کوبنانی ہے کیا وفاق نے بنائی ہے؟ جام خان شورو کو کہا، ایم این وی پر کام شروع کریں، ہم وفاق کو بل بھیجیں گے۔وفاق سندھ کے لوگوں پر پیسے خرچ نہیں کررہا، سال شروع ہوا تو وفاق کو کہا کہ ہمیں منصوبے کےلیے پیسے چاہئیں، جواب ملا منصوبے کےلیے پیسے نہیں ہیں۔اب وفاق کے پاس اچانک پیسے کہاں سے آگئے کام خراب کرکے اسکو درست کرنے کےلیے؟