اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ امید ہے ستمبر میں ہونے والے آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس میں پاکستان کا کیس آجائے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں میڈیا پر چلنے والے خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ستمبر میں ہونے والے آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس میں پاکستان کا کیس آجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، اکتوبر سے پہلے ڈیپازٹ پروٹیکشن ترمیمی بل منظور کیا جانا ضروری ہے، کمیٹی کی تجویز پر اس بل کو آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کےلئے7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کی منظوری مزید تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور آئی ایم ایف کے اگست میں ہونے والے ایگزیکٹوبورڈ اجلاس کے شیڈول میں پاکستان کا نام تاحال شامل نہیں کیا گیا۔