فیڈرل بورڈ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان، لڑکیاں پھر سبقت لے گئیں

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2024 جماعت 11 ویں اور 12 ویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔
پری میڈیکل گروپ میں لڑکیوں نے تمام پوزیشنز اپنے نام کر لیں جبکہ پری انجینئرنگ میں پہلی اور تیسری پوزیشن پر بھی لڑکیاں براجمان رہیں۔فیڈرل بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق 11ویں جماعت میں پاس ہونے والے طلبا کا تناسب 58.75 فیصد جبکہ جماعت 12ویں میں پاسنگ پرسنٹیج 82.58 فیصد رہی ہے۔ نتائج کے مطابق 11ویں جماعت میں سال 2024 کے سالانہ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا کی تعداد 93257 تھی۔ جس میں کامیاب طلبا کی تعداد 53369 رہی۔اسی طرح 12ویں جماعت میں حصہ لینے والے طلبا کی تعداد 90518 تھی جس میں کامیاب طلبا کی تعداد 72653 رہی۔جاری کردہ نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ پنجاب کالج برائے خواتین خیابان صادق سرگودھا سے تعلق رکھنے والی عروبہ عاصم نے 1065 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آرمی پبلک سکول اینڈ کالج گوجرانوالہ کینٹ سے تحریم عمران نے1054 نمبر لئے اسی طرح آرمی پبلک سکول اینڈ کالج گرلز راولپنڈی کینٹ سے ہاجرہ نجیب نے بھی 1054 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔آرمی پبلک سکول اینڈ کالج گرلز راولپنڈی کینٹ سے عافیہ واجد اور آرمی پبلک سکول گرلز لاہور کینٹ نے 1053 نمبر لئے اسی طرح آرمی پبلک سکول اینڈ کالج طفیل روڈ لاہور کینٹ سے آمنہ ریاض نے بھی 1053 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں ہیٹک سکول اینڈ کالج برائے خواتین ٹیکسلا کینٹ سے تعلق رکھنے والی ہ±دیٰ علی مرتضیٰ نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔صدیق پبلک سکول بوائز مدینہ ٹاو¿ن لوہی بھیر اسلام آباد سے عبداللہ جواد نے 1043 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔صدیق پبلک سکول بوائز مدینہ ٹاو¿ن لوہی بھیر اسلام آباد سے محمد حسیب اقبال اور آرمی پبلک سکول فورٹ روڈ راولپنڈی کینٹ سے 1037 نمبر لئے جبکہ زینیہ قاسم آرمی پبلک سکول فورٹ روڈ راولپنڈی نے بھی 1037 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔سائنس جنرل گروپ میں کنکورڈیہ کالج ڈی ایچ اے اسلام آباد سے حوریہ مبشر ڈار نے 1036 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔آرمی پبلک سکول فورٹ روڈ راولپنڈی کینٹ سے عیشا صدیق نے 1025 نمبر لے دوسری جبکہ بحریہ کالج نیول کمپلیکس ای ایٹ اسلام آباد سے امان اجمل نے 1023 لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کامرس گروپ میں ہارورڈ کالج مین پشاور روڈ راولپنڈی سے لائبہ نور السلام نے 971 اور پنجاب کالج جی سکس ون آبپارہ اسلام آباد سے ایواز فہیم خان نے بھی 971 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان اردو سکول عیسیٰ ٹاو¿ن بحرین سے تعلق رکھنے والی آمرا محمود نے 966 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔انٹرنیشنل سکول آف پاکستان پی او بکس 9038 کویت سے فیضان علی نے961 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح ہیومنٹی گروپ میں ایف جی کالج برائے خواتین کشمیر روڈ راولپنڈی کینٹ سے سیرت فاطمہ نے 1003 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی،ایف جی پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین واہ کینٹ سے سجل بلال نے 1001 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔پنجاب کالج جی سکس ون آبپارہ اسلام آباد سے عشمال نور نے 980 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مستقل طور پر کوشاں ہے اور مختلف اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حکومت کی کوششوں کا مقصد ملک کے تمام طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے اجاگر کر سکیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے تمام کامیاب اور ہونہار طلبہ کو ان کی انتھک محنت اور لگن پر مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آخر میں وفاقی وزیر تعلیم ، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - تعلیم اور صحت Header Banner