لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی باکسر محمد وسیم کے پاسپورٹ کا معاملہ حل ہوگیا،کراچی میں موجود ڈنمارک سفارت خانے نے ان کا پاسپورٹ کلیکشن سینٹر بھجوادیا۔محمد وسیم نے22 جولائی کو ڈنمارک کے ویزے کے لیے پاسپورٹ جمع کراویا تھا، سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر محمد وسیم نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی تھی کہ ان کی جلد پاسپورٹ واپسی میں مدد کریں، بصورت دیگر ان کی مالٹا میں ہونے والی ڈبلیو بی ایف بینٹم ویٹ ٹائٹل فائٹ کی تیاریاں متاثر ہوسکتی ہیں۔ یہ فائٹ چار اکتوبر کو شیڈول ہیں۔
تاہم ٹریننگ کے لیے انہوں نے برطانیہ روانہ ہونا ہے۔محمد وسیم نے ڈنمارک سفارت خانے کی جانب سے فون کال کی تصدیق کی، ان کا کہناہیکہ پیر کو پاسپورٹ دیکھنے کے بعد ویزہ لگنیکا علم ہوسکے گا۔ویزہ لگنے کی صورت میں وہ جلد یوکے کی فلائٹ لیں گے تاکہ وہ جاکر اپنی تیاریوں کا آغاز کرسکیں۔ دوسال بعد محمد وسیم انٹرنیشنل فائٹ میں حصہ لیں گے۔ چار اکتوبر کو ان کا مقابلہ جنوبی افریقہ کیسیبلو کے ساتھ مالٹا میں ہورہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتے اور اتوار کو پاسپورٹ کلیکشن سینٹر تعطیل کی وجہ سے بند رہے گا تاہم پیر کو پاسپورٹ محمد وسیم کے حوالے کردیا جائے گا۔