نوجوانوں پر سرمایہ کاری پاکستان کے خوشحال مستقبل کیلئے ناگزیر ہے، ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2024ء) لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے برٹش پاکستانی میئرز ایسوسی ایشن (بی پی ایم اے) کے ساتھ مل کر''پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینا'' کے عنوان سے ایک سیمینار کی مشترکہ میزبانی کی۔ سیمینار میں کئی سابق میئرز اور کونسلرز، برطانوی و پاکستانی تاجروں، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ممتاز مقررین میں بی پی ایم اے کے چیئرمین الڈرمین، سی بی ای مشتاق لاشاری، برٹش ۔پاکستان فائونڈیشن کے چیئرمین آصف رنگون والا ۔ بی پی ایم اے کے سیکرٹری جنرل فیاض اللہ خان اور وانڈس ورتھ کی میئر ثنا جعفری۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت کی وجہ سے قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں سرمایہ کاری پاکستان کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کا سب سے اہم پہلو ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہماری طاقت اتحاد میں ہے اور اقوام عالم میں مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اجتماعی کوششوں، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور بہترین کارکردگی کے عزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور دنیا کو یہ دکھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن اور قونصل خانوں کے افسران برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے پوری لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی کمیشن تقریبا 400 برطانوی پاکستانی میئرز اور کونسلرز سے رابطہ میں ہے تاکہ انہیں اکٹھا کیا جا سکے اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی فائدہ مند تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ سیمینار کے مقررین نے پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم محنتی پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو کاروبار، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مقررین نے پاکستان کے کاروبار، سیاحت اور زراعت کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لئے برطانوی تاجروں کے ساتھ بامقصد رابطے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔\932

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner