چیمپئنزکپ مینٹورز ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کریں گے

بدھ 28 اگست 2024 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2024ء) چیمپئنز کپ ٹیم مینٹورز ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کریں گے، پی سی بی 3سالہ معاہدے کے تحت انھیں سالانہ 50لاکھ روپے ادا کرے گا،حکام کو سابق اسٹارز کی مدد سے نئے ٹیلنٹ کے حصول کی امید ہے،تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گذشتہ دنوں چیمپئنز کپ ٹیم مینٹورز کا اعلان کیا، ان میں مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد،وقار یونس اور شعیب ملک شامل ہیں، ان سب کے ساتھ 3،3برس کا معاہدہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق سالانہ 50لاکھ روپے فی مینٹور معاوضے پر اتفاق ہوا ہے،یوں تین سال میں ہر سابق اسٹار ڈیڑھ کروڑ روپے حاصل کر پائے گا،ان کا کام ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اسے نکھارنا ہے، چیمپئنز کپ کی ہر ٹیم کے ساتھ 10رکنی سپورٹنگ اسٹاف موجود ہوگا، ان میں ہیڈ کوچ، نائب کوچ، منیجر و دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ان دنوں اسپنرز کے قحط کا سامنا ہے، پی سی بی کو ثقلین مشتاق سے امیدیں ہیں کہ وہ اس مسئلے کو حل کریں گے، ایونٹ کے دوران نظر آنے والے نئے ٹیلنٹ کو سابق اسٹارز کی مدد سے تراشا جائے گا تاکہ ٹیم کیلئے بیک اپ فورس تیار ہو سکے۔

اس پر پڑھیں فن و فنکار Header Banner