اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2024ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صحت ایک بنیادی حق ہے ، صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ضروری علم اور وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اتوار کو یہاں ٹائن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام صحت سے متعلق آگاہی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹائن انٹرنیشنل کی نمایاں کامیابیوں، صحت اور تندرستی کے لیے غیر متزلزل عزم پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار ٹائن انٹرنیشنل کی صحت سے متعلق آگاہی اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ روایتی چینی ادویات اور طریقہ علاج کو فروغ دینے کے لیے ٹائن انٹرنیشنل کی لگن نے لاتعداد افراد کی زندگیوں پر نمایاں اثر ڈالا ہے اورصحت سے متعلق مسائل سے نمٹنے پر توجہ قابل ستائش ہے ، ٹائن انٹرنیشنل کی کاوشیں ہمارے قومی صحت کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
(جاری ہے)
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ صحت مندانہ ماحول کا فروغ ہماری قوم کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں معاون ثابت ہو گا۔
عوامی ترقی کی تعلیم ایک اہم شعبہ ہے، جہاں ٹائن انٹرنیشنل کو سبقت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صلاحیت کو نکھارنین کے تربیتی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کے سماجی حالت بہتر بنانے میں ٹائن انٹرنیشنل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آنے والی نسلوں کو دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا اہم ہے۔ہم پاکستان کا 77 واں یوم آزادی بھی منا رہے ہیں اور یہ ہمارے دلوں کو حب الوطنی کے جذبات سے بھر دیتا ہے ،آئیے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ایک مضبوط، زیادہ متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی ملکر صحت سے متعلق آگاہی اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں تعاون کریں۔مل کر، ہم ایک ایسا ماحول بنا سکتے ہیں جہاں صحت کی تعلیم کو ترجیح دی جائے اور جہاں ہر شہری کو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے درکار وسائل تک رسائی حاصل ہو۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحت مند، زیادہ خوشحال پاکستان بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتا ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے نوازا ہے۔ پاکستان بہت بڑا ملک ہے، 24 کروڑ کی آبادی ہے۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوان اس دنیا کو بدل سکتے ہیں اور اگر پاکستان کو خدانخواستہ دشمنوں سے کسی قسم کا خطرہ ہوا تو نوجوان طبقہ ملک کا دفاع کر ے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کے لیے، پاکستان کے سالمیت اور فلاح و بہبود کے لیے ہم سب ایک ہیں ، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھ سکے۔ملک کے مستقبل کے لیے پاکستان کے عوام ، قانو ن نافذ کرنے والے ادارے ، سیکیورٹی فورسز کے جوان اپنا آج قربان کر رہے ہیں۔انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لئے کھڑے ہو جائیں۔ اس وقت قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، کسی سے لڑنا نہیں چاہتا تاہم ہم کسی قسم کی جارحیت کا بھر پور جواب دینا جانتے ہیں ،پاکستان کے عوام مستقل مزاج ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ترقی ہو۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے لیاقت جمنیزیم میں قائم فٹنس سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ واضح رہے کہ بلاک کا افتتاح سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم کیا تھا۔