02 ستمبر ، 2024
بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش کے خلاف دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور صائم ایوب نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 9 رنز سے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا۔
بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی صرف 81 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں۔
عبداللّٰہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 بابر اعظم 11 اور سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود اور ناہید رانا نے 2، 2 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پہلی اننگز
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔
بنگلا دیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔
بنگلا دیش کی پہلی اننگز
مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔
ایک وقت پر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، لٹن داس نے شاندار سنچری اور مہدی حسن نے 78 رنز بنا کر بنگلادیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے اسپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔