صوبائی حکومت خواتین کوانصاف تک رسائی دلانے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے پرعزم ہے،ڈاکٹرربابہ خان بلیدی

Live Updates

بدھ 4 ستمبر 2024 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خواتین کوقانونی اور ہرطرح کی مددفراہم کرنے کے سلسلے میں مضبوط نظام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے محکمہ ترقی نسواں کی قیادت خاتون مشیر کے زیر سرپرستی ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور بلوچستان میں خواتین کی حالت بہتر بنانے کے لیے مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔خواتین وکلاء نے خواتین کی فلاح و بہبود کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے ایک نئی تنظیم کے قیام کی تجویز دی، جو قانونی چیلنجز کا سامنا کرنے والی خواتین کو مفت قانونی امداد اور خدمات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد ان خواتین کی مدد کرنا ہے جو مالی مشکلات کی وجہ سے قانونی نمائندگی تک رسائی سے محروم ہیں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ ہو اور ان کی آواز سنی جا سکے۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا اور صوبے میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے خواتین وکلاء کے فعال کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے خواتین کو قانونی مدد فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور اپنے محکمے کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خواتین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے کام کرتی رہیں گی۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں صوبے کی خواتین کو انصاف تک رسائی اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے خواتین وکلاء کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner