04 ستمبر ، 2024
توہینِ الیکشن کمشنر کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی جانب سے پیش ہوا ہوں، فواد چوہدری کل سماعت میں پیش ہوئے تھے، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے، آج کیس التواء کی درخواست کی ہے۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ فواد چوہدری کا ایک کیس 19ستمبر تک ملتوی ہوا ہے، یہ کیسز بھی تب تک ملتوی کر دیں، فیصل فرید بانی پی ٹی آئی کے وکیل ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لاء ونگ صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف آج شواہد ریکارڈ کیے جانے ہیں، ان کے وکیل کا پیش ہونا ضروری ہے، فواد چوہدری کیس کا دوبارہ چارج فریم ہونا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ یہ کرمنل کیس ہے جس میں ملزم کا آنا ضروری ہوتا ہے، بینچ نے سوال کیا تھا بانی پی ٹی آئی کی کیسز میں حاضری کیسے ہو گی، ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ ان کے جتنے ٹرائل ہیں اس میں ان کی حاضری ویڈیو لنک سے ہو گی۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ جیل والوں سے معلوم کرلیں ان کے پاس ویڈیو لنک کی سہولت ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک سے حاضری ہوئی تھی۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ جیل والوں نے ہمیں کہا کہ ان کے پاس ویڈیو لنک کی سہولت نہیں ہے۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ ہم ان سے بات کر لیں گے۔
جس کے بعد کیسز کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔