رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت سوہاوہ میں اجلاس ، این اے 60 کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا گیا

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت سوہاوہ میں اجلاس ہوا جس میں این اے 60 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، دیگر متعلقہ اداروں کے اعلی ٰحکام اور سروے کرنے والے پٹواریوں اور علاقے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بلال اظہر کیانی نے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیلی اور نوگراں سمیت طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے ، ایک ہفتے میں متاثرین کو زرتلافی کی ادائیگی کے لئے سرکاری عمل مکمل کرنے کا کہا ہے،کوشش ہے کہ جلد سے جلد متاثرین کو امداد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرتلافی کا کیس جلد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ارسال کریں گے، زخمی ہونے، چھت گرنے اور مال مویشی کے نقصانات پر زرتلافی دیا جائے گا،اسی ہفتے نقصانات کے ازالے کے لئے قائم کمیٹی اپنا کام مکمل کر لے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نجی ڈیموں کی علاقے میں مجموعی تعداد اور ان سے آبادی کو خطرات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی پالیسی کے مطابق علاقے کے تمام ڈیمز اور نالوں کی میپنگ ہوگی،اجلاس میں نجی ڈیمز اور نالوں کی میپنگ کے لئے ایک ہفتے کا وقت طے کیاگیا ۔ اجلاس میں سرکاری ڈیم پر آبادی کو پیشگی اطلاع دینے کا جدید نظام نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، ڈیم کے پانی سے بہہ جانے والی سڑک کی تعمیر میں غفلت اور بحالی کے امور بھی زیر غور آئے ۔ اجلاس میں دو سال قبل بننے اور حالیہ سیلاب میں بہہ جانے والی مل کھوکھراں رابطہ سڑک کے ڈیزائن میں غلطی اور ناقص تعمیر کی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا گیا، انکوائری میں محکمے اور ٹھیکیدار کی غفلت اور قومی سرمائے کے زیاں کا تعین کیا جائے گا۔مل کھوکھراں رابطہ سڑک کو عوام کی سہولت کے لیے عارضی طور پر بحالی کر دیا گیا ہے،ایک ہفتے بعد فالو اپ اجلاس ہوگا جس میں فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، دیگر متعلقہ اداروں کے اعلی ٰحکام اور سروے کرنے والے پٹواریوں اور علاقے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner