آئی جی پنجاب نے شہید پولیس کانسٹیبل توصیف احمدکے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا

پیر 9 ستمبر 2024 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہدا کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔تفصیلات کے مطابق راجن پور پولیس کے کانسٹیبل توصیف احمد شہید کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق ایگزیکٹو ولاز ملتان میں تمام سہولیات سے آراستہ 05 مرلے کا گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ کانسٹیبل توصیف احمد نے اگست 2023 میں تھانہ حاجی پور کی حدود میں 03 ڈکیتوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل توصیف احمد شہید کے اہلخانہ اہلیہ اور 02 کم سن بیٹے نئے گھر میں زندگی گزاریں گے۔آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔آئی جی نے کانسٹیبل توصیف احمد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل توصیف احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کانسٹیبل توصیف احمد شہید جیسے 1600 سے زائد شہدا اور 1700 غازیوں کی کی امین فورس ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہدا کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner