لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2024ء) ایل ڈبلیو ایم سی کا شہر بھر میں صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ کلین کیمپس ایمبیسیڈر پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے،سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں کسی بھی تفریق کے بغیر کلین کیمپس ایمبیسیڈر پروگرام کا انعقاد ممکن بنایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر دین نے بتایا کہ صفائی کے بارے میں عوامی رویے میں مثبت تبدیلی کے لیے آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے،اسی طرح ستھرا پنجاب صفائی مہم کے تحت سٹوڈنٹس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ مل کر آگاہی واکس کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کلین کیمپس ایمبیسڈر پروگرام کے تحت 6 ہزارسے زائد طلبہ کو اپنے اپنے کیمپس میں صفائی کا سفیر مقرر کیا جا چکا ہے جبکہ خصوصی تربیت کے لیے طلبہ کو کوڑے کی پیداوار کم کرنے اور ری سائیکلنگ کے بارے لیکچرز بھی دیئے جا رہے ہیں، ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے منتخب کیے جا نے والے سٹوڈنٹ ایمبیسیڈرز اپنے کیمپس میں دیگر طلبہ کو بھی صفائی کی ترغیب دے رہے ہیں، مزید برآں تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ ایل ڈبلیو ایم سی سوشل موبلائزرز کمرشل مارکیٹس میں صفائی رکھنے اور سڑکوں پر کوڑا نہ پھیلانے کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہاکہ مستقبل کے معماروں میں صفائی کے بارے شعور وآگاہی دینے سے آنے والے وقت میں مثبت تبدیلی آئے گی،شہریوں سے گزارش ہے کہ شہر لاہور کی صفائی برقرار رکھنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔متعلقہ عنوان :