عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے پھر ایک بار صدر اور سکریٹری جنرل منتخب

بھٹکل 20/جولائی (ایس او نیوز)  عمر فاروق مصباح اور عتیق الرحمن منیری پھر ایک بار بالترتیب بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر اور سکریٹری جنرل کے عہدہ پر منتخب ہوگئے ان کے ساتھ  سکریٹری کے  طور پر  یاسر قاسمجی کا انتخاب عمل میں آیا، جبکہ  طٰحہ معلم اور مولوی صابر علی اکبرا بالترتیب اکاونٹنٹ اور خزانچی منتخب ہوئے۔

بھٹکل میں سنیچر کو منعقدہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی میٹنگ میں  عمر فاروق مصباح کی صدارت میں تین سالہ میعاد کے لئے انتخابات منعقد ہوئے  جس میں  پرانی ٹیم ہی واپس منتخب ہوئی ہے، البتہ یاسر قاسمجی جو گذشتہ میعاد میں خزانچی کے عہدہ پر تھے، اب سکریٹری بنے ہیں اور ان کی جگہ پر  خزانچی کے عہدہ پر مولوی صابر کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ گذشتہ میعاد میں سکریٹری کے عہدہ پر جیلانی محتشم منتخب ہوئے تھے چونکہ جیلانی محتشم  حال ہی میں منعقدہ  بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوئے  ہیں، اس بنا پر  نئی ٹیم میں معمولی ردوبدل  کیا گیا ہے۔

بتاتے چلیں کہ  عمر فاروق مصباح  مرکز النوائط ابوظبی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ دیگر عہدیداران کا تعلق دبئی جماعت سے ہے۔

گلف کی دس بھٹکلی جماعتوں پر مشتمل بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی آج کی نشست میں محمد یونس قاضیا، عبدالسلام دامدا ابو، عُبیداللہ عسکری، ایم جے نثار، شہریار خطیب،  مُعیز مُعلم،  جیلانی محتشم، یوسف برماور،  سمیر کوکاری،   ابراہیم قاضیا، آفتاب ایم جے،  اشرف مصباح، اطہر پیرزادے سمیت پچاس سے زائد اراکین موجود تھے۔

بھٹکل مسلم خلیج کونسل جو بھٹکل میں رابطہ سوسائٹی کہلاتی ہے، بھٹکل کے مسلمانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے   میں نہایت  سرگرم  ہے۔ اس ادارہ کے تحت ہر سال ہونہار  مسلم اسٹوڈینٹس کو  رابطہ گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے، ساتھ ساتھ  بیسٹ ٹیچر اور بیسٹ اسکول  کو بھی  ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ جناب عتیق الرحمن منیری  کے رابطہ میں ایکٹیو  ہونے کے بعد پہلی بار   نوجوانوں کو یو پی ایس سی میدان میں آگے بڑھانے، خواتین کو سلائی کڑھائی میں ماہر بنانے،   مسلم نوجوانوں کو کنڑا زبان میں  ماہر بنانے وغیرہ جیسی  ٹریننگ فراہم کی گئی تھی۔ حال ہی میں ہوئی رابطہ ایوارڈ تقریب میں  35 بچوں کو رابطہ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور اس کامیاب تقریب میں  مہمان خصوصی کے طور پر  معروف عالم دین مولانا  سجاد نعمانی شریک ہوئے تھے۔

اس پر پڑھیں ساحل آن لائن Header Banner