اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2024ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سینٹرل سٹوڈیو متعارف کروادیا، فٹ بال ہائوس میں قائم سٹوڈیو میں فٹ بال برادری کی دلچسپی کا بہترین مواد تیار کیا جا سکے گا، سٹوڈیو کی مدد سے شائقین، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، میڈیا کو ایک دوسرے سے جڑے رہنے کیلئے ایک مرکز میسر آئے گا۔ سٹوڈیو کی لانچنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملازئیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ فٹ بال کونٹینٹ سٹوڈیو کھیل سے متعلق معاملات کو قابل رسائی اور پرکشش بنانے کے ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے، ہم ایک ایسی جگہ فراہم کر رہے ہیں جہاں فٹ بال کے پرجوش مداحوں، کھلاڑیوں، رپورٹرز کو پیشہ ورانہ ماحول ملے گا۔ پاکستان فٹ بال میں یہ ایک نیا باب ہے، سٹوڈیو قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی ایک پلیٹ فارم میسر آئے گا اور ان کے پرستاروں سے روابط مضبوط ہوں گے، کھلاڑی اپنے ذاتی سفر، تربیتی معمولات اور پس پردہ مواد کا اشتراک کر سکیں گے، ان کے کیریئرز میں سٹوڈیو کا کردار اہم ہوگا۔
(جاری ہے)
ہارون ملک نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کے لیے کی جانے والی جدوجہد بیان کرنے کے مواقع فراہم کریں گے، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ یہ سٹوڈیو ہر اس شخص کیلئے گھر بن جائے جو پاکستان میں فٹ بال کے بیانیے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے، چاہے یہ سنجیدہ تجزیہ یا تفریحی گفتگو کے ذریعے ہو، یہ سہولت ایک زیادہ متحرک اور جامع فٹ بال کلچر بنانے میں مدد کرے گی۔