17 ستمبر ، 2024
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے ایشیئن چیمپئنز ٹرافی میں بہتر کاکردگی کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹیم آفیشل و کھلاڑیوں کو 100، 100 ڈالر کیش پرائز دینے کا اعلان کیا۔
ایونٹ کے دوران انجری ہونے پر قومی ٹیم کے کھلاڑی ابو بکر محمود کیلئے پی ایچ ایف کی جانب سے تمام سہولتوں کے ساتھ علاج کروانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
صدر پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کا کھلاڑی غضنفر علی، جن کے والد دو دن قبل رضائے الہٰی سے انتقال کرگئے تھے، پاکستان ٹیم کی خاطر کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تمام کھلاڑیوں نے بشمول ہمارے ہیرو آف دی میچ محمد سفیان خان نے اپنے میڈل اور جیت غضنفر علی کے نام کی۔
انکا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو قابل دید بھی ہے اور ہم سب ملکر اسی جذبے کیساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور مستقبل میں بہترین انداز میں ملک و قوم کا نام اونچا کرنے کا عزم کرتے ہیں۔
طارق حسین بگٹی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجموعی طور پر ایونٹ میں کھلاڑیوں نے بھارت سمیت تمام ٹیموں کیساتھ بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جو قابل ستائش ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم سب کو چاہیے کہ کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ مستقبل میں ہماری ٹیم اس سے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکے۔