18 ستمبر ، 2024
بالی ووڈ کے معروف اداکار و ڈانسر ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ، بھارتی معروف انٹیریئر ڈیزائنر سوزین خان سے طلاق کی وجہ سامنے آ گئی۔
یوٹیوب پلیٹ فارم پر بالی ووڈ اداکار زید خان نے حال ہی میں سبھوجیت گھوش کو انٹرویو دیا ہے۔
انٹرویو کے دوران جہاں زید خان نے اپنے ماضی، کیریئر، نجی زندگی سے متعلق بات کی، وہیں انہوں نے کچھ انکشافات بھی کیے۔
اداکار زید خان نے اپنی بہن سوزین خان اور ہریتھک روشن کے درمیان طلاق کی وجہ ان کے رشتے سے احترام اور محبت کے ختم ہو جانے کو قرار دیا ہے۔
زید خان نے سوزین سے بہنوئی ہریتھک روشن کی طلاق سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بہت ہی جدید خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ایک کہاوت ہے کہ خون پانی سے زیادہ گاڑھا ہوتا ہے، اگر دو لوگ ایک دوسرے کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے لیکن ان میں بہت سی دوسری چیزیں مشترک ہیں تو ان کو سمجھنا اور ان کا ساتھ دینا چاہیے، ایک جوڑی کے لیے ان کی محبت اور ان کے درمیان مثبت تعلق کو خاندان، بچوں سمیت سب ذمے داریوں سے بالاتر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم روشن خیال لوگ ہیں، جب تک ایک دوسرے کا دل میں احترام ہو تو ہم اسے ناصرف اپنے اندر بلکہ اپنے بچوں میں بھی منتقل کرتے ہیں، مگر جب ایک رشتے میں سے احترام ختم ہو جائے تو اس رشتے کو ختم کرنا ہی صحیح ثابت ہوتا ہے۔
زید خان نے اپنے سابق بہنوئی ہریتھک روشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بھائی ہریتھک کے بھی بہت قریب ہوں، وہ ایک بہترین شخصیت کا مالک ہے جس کا دل سونے کا ہے، ہریتھک روشن کی نئی پارٹنرز صبا آزاد ایک شاندار خاتون ہیں۔
زید خان نے اپنی بہن سوزین خان کے نئے رشتے، بوائے فرینڈ ارسلان گونی سے متعلق بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ارسلان گونی بھی ایک اچھا انسان ہے، کیا بات ہے، زندگی اسی طرح چلتی رہتی ہے۔