لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور ایئرپورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے معاملے پر فلائی جناح کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کردیا گیا ہے۔
فلائی جناح کے ترجمان کا کہنا ہےکہ لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل کارگو ڈپارٹمنٹ میں دھویں کی نشاندھی کرنے والے سموک الارم بجنے کا واقعہ پیش آیا ۔ جس پر جہاز پر موجود عملے نے بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور ایئر پورٹ کے حکام کو فوری طور پر اس واقعہ کی اطلاع دی ۔ تاہم پرواز کو بحفاظت لاہور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ہماری تکینکی ٹیم الارم بجنے کی وجوہات جاننے کے لیے طیارے کے کارگو ڈپارٹمنٹ کا تفصیلی معائنہ کررہی ہے ۔ہم مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے لیے اپنے مسافروں اور فضائی عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔