وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا دورہ چین کے دوران شانزی نان فیرس میٹلز ہولڈنگ کمپنی کا دورہ ،معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2024ء) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے پیر کو دورہ چین کے دوران شانزی نان فیرس میٹلز ہولڈنگ کمپنی کا دورہ کیا اور چینی کمپنی کے حکام کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ سونے، تانبے اور دیگر معدنیات کی مائننگ میں جوائنٹ وینچرز کے دونوں جانب سے فوکل پرسن مقرر کر دئیے گئے ۔وزارت پٹرولیم سے جاری اعلامیہ کے مطابق چینی کمپنی مائنگ، جیولوجی ، معدنیات کی تلاش اور پروسیسنگ میں مہارت رکھتی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کمپنی کے حکام کو بتایا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال ہے،چینی کمپنی کے ساتھ شراکت داری پاکستانی مائننگ میں جدت کا نیا باب کھولے گی،جیولوجیکل سروے معدنیات کی دریافت میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ شانزی نان فیرس ہولڈنگ کے تعاون سے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی بہتری پر کام کریں گے، چینی کمپنی کے بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ یہ شراکت داری دو طرفہ تعاون کے لیے مفید ثابت ہو گی،پاکستان کو ہمیشہ بہترین ساتھی ، دوست اور ہمسایہ سمجتے ہیں، در ایں اثناء ڈاکٹر مصدق ملک نے چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن کے حکام سے بھی ملاقات کی اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے روڈمیپ پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن (سینوک) کو تیل و گیس کی تلاش میں نمایاں مقام حاصل ہے اس موقع پر نائب صدر سینوک کمپنی نے کہا کہ پاکستان سے تعاون ہماری ترجیح ہے ، ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے، چینی کمپنی کے ساتھ مل کر ایکسپلوریشن میں اضافہ کریں گے ۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner