پارلیمنٹ کی مانیں یا عدالت کی، مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دیں یا نہیں؟ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ عدالت کی مانے تو پارلیمانی قانون نظر انداز ہورہا ہے پارلیمنٹ کی مانے تو عدالتی حکم نظر انداز ہوتا ہے، عدالت رہنمائی کرے، وضاحت کرے کہ کرنا کیا ہے؟
کمیشن تو چاہتا ہے کہ عدالتی حکم پر عمل کرے، اگر 14 ستمبر کا سپریم کورٹ کا حکم مانا تو پارلیمنٹ کے بنائے قانون کی خلاف ورزی ہوجائے گی۔
سپریم کورٹ میں دائر نئی درخواست میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ جب کمیشن نے 12 جولائی کے مختصر فیصلے کی وضاحت مانگی تھی، تب نیا ایکٹ نہیں آیا تھا، اب تو پارلیمنٹ الیکشن ترمیمی ایکٹ لا چکی ہے۔
سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کی رہنمائی کرے کہ پارلیمنٹ کے قانون پر عمل کرے یا سپریم کورٹ کے فیصلے پر، سپریم کورٹ بتائے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کے 12 جولائی، 14 ستمبر اور 23 ستمبر کے عدالتی حکم ناموں پر کیا اثرات ہوں گے۔