لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی نےمعاہدے پر حکومت کی جانب سے عمل درآمد نہ کرنے پر 29 ستمبر کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت منصورہ میں قائدین کا اجلاس ہوا، جس میں راولپنڈی میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 ستمبراتوار کو پورے ملک کی اہم شاہراؤں پر دھرنے دے گی۔ حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر عملدرآمد نہیں کیا اور میڈیا کے سامنے قوم کے سامنے غلط بیانی کی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں نے گزشتہ 45 روز میں چند کاسمیٹک اقدامات کیے جب کہ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ معاہدہ پر مکمل عملدرآمد ہوگا، جماعت اسلامی ان اقدامات کو تسلیم نہیں کرتی، ہمارا مطالبہ ہے کہ پورے ملک کی عوام کو بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف دیا جائے اور اصل پیداروی لاگت کے مطابق پورے ملک میں بجلی کا یکساں ٹیرف نافذ کیا جائے۔