اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی سوچ میں واضح ہیں, وہ ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جس کو تاریخ میں کالے حروف میں لکھا جائے۔
جمعیت علماءِاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہماری مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے، خیریت دریافت کرنے آئے تھے، کچھ ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی بات مان لی ہے، ایسا کچھ نہیں ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی آئین کی شب خون مارنے کی کوشش کو ناکام بنایا، وہ اپنی سوچ میں واضح ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا ایک سابق وزیراعظم کا ملٹری ٹرائل ہو، ایسا نہیں ہوسکتا ایک کنٹرول آئینی عدالت بنائی جائے، سب کچھ بد نیتی پر مبنی ہو رہا ہے۔