گال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2024ء) سری لنکا کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا لئے، دنیش چندیمل نے شاندار سنچری سکور کی، اینجلو میتھیوز اور کمیندو مینڈس بالترتیب 78 اور 58 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعرات کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا لئے،میزبان ٹیم نے اوپننگ بیٹر کی وکٹ 2 رنز پر کھونے کے بعد شاندار واپسی کی ۔ دنیش چندی مل اور دیموتھ کرونارتنے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز بنائے، کرونارتنے 46 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو اینجلیو میتھیوز نے چندی مل کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔
(جاری ہے)
اس دوران چندی مل نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ 221 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی تیسری وکٹ گری جب چندی مل 116 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد میتھیوز نے نئے آنے والے بیٹر کمیندو مینڈس کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا لئے ہیں، میتھیوز 78 اور کمیندو مینڈس 51 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر ٹم ساوتھی اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔