28 ستمبر ، 2024
پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کبھی مذاق ہوا کرتا تھا آج میری تلخ حقیقت بن چکا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اکیلی نہیں ہوں جو اس مرض کا شکار ہو۔
حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنی بیماری سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پراسوپیگنوسیا یا چہرے کے اندھے پن کا شکار ہیں، جس سے لوگوں کے چہرے کو پہچاننے کی ان کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ میں آپ لوگوں کی توجہ پراسوپیگنوسیا یا چہرے کے اندھے پن کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں جس میں ایک شخص کی لوگوں کے چہرے پہچاننے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مجھ میں یہ نمایا ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے کبھی کبھار کسی کا چہرہ فوری طور پر پہچانے میں دشواری ہوتی ہے، جو کبھی مذاق ہوا کرتا تھا آج مجھے محرومی کا احساس دلا رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔
اشنا شاہ نے مزید بتایا کہ اس پیغام کو اپنے اکاؤنٹ کے ہائی لائٹس میں محفوظ رکھ رہی ہوں تاکہ جو لوگ پہلے سے مجھے جانتے ہیں یا جن سے مستقبل میں واسطہ پڑے وہ بدگمانی کا شکار نہ ہوں اور میری اس حالت کو جان سکیں۔
انہوں نے پراسوپیگنوسیا یا چہرے کے اندھے پن کے حوالے سے معاشرے میں مزید آگاہی عام کرنے پر بھی زور دیا۔
پراسوپیگنوسیا کیا ہے؟
پراسوپیگنوسیا جسے عام زبان میں چہرے کا اندھے پن کہتے ہیں۔
اس حوالے سے ہارورڈ میڈیکل اسکول کا کہنا ہے کہ پراسوپیگنوسیا ایک پراسرار حالت ہے، جس میں مریض کا ذہن اسے دھوکا دیتا ہے۔
مریض کا ذہن اسے ان لوگوں کو پہچانے پر مجبور کرتا ہے جن سے وہ کبھی ملا ہی نہیں یا پھر اس کا ذہن ان لوگوں کو پہچاننے میں ناکام رہتا ہے جو اس کے آس پاس موجود ہوتے ہیں اور حالیہ تحقیق کے مطابق 33 فیصد افراد پراسوپیگنوسیا میں مبتلا ہیں۔