حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں7 روپے 31 پیسے فی کلوگرام اضافہ کردیا ... ایل پی جی کی نئی قیمت 251 روپے 30 پیسے فی کلو مقرر، گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 86 روپے مہنگی کردی گئی

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر 2023ء ) وفاقی حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں7 روپے 31 پیسے فی کلوگرام اضافہ کردیا ہے۔ جس کا اوگرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق اوگرا کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایل پی جی کی قیمت میں7 روپے 31 پیسے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اکتوبر کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت 251 روپے 30 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح ایل پی جی کے 11.8کلو گرام گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 86 روپے مہنگی کردی گئی ہے جس کے بعد 11.8کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 2965 روپے کا ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 243 روپے 99 پیسے جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 879 روپے 10 پیسے تھی۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 08 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 277 روپے 71 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 02 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 736 روپے 73 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 722 روپے 27 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 910 روپے 41 پیسے اور قطری ریال کی قدر 76 روپے 19 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 500 روپے کمی کے ساتھ فی تولہ سونا 2 لاکھ 75 ہزار 5 سو روپے کا ہوگیا ۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 500 روپے کمی کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 75 ہزار 5 سو روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 428 روپے کی کمی کے بعد 236,625 روپے سے کم ہو کر 236,197 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 216,907 روپے سے کم ہو کر 216,514 روپے ہوگئی۔ آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے پیر کو رپورٹ کیا کہ فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 3,050 روپے اور 2,614.88 روپے پر مستحکم رہی۔

اس پر پڑھیں تمام خبریں Header Banner