اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2024ء) 37 ویں قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 2024 میں پاکستان بورڈز ہاکی ٹیم نے سندھ بی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-0گول سے شکست دے دی۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے غیر معمولی مہارت اور کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح تھے، ان کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر جناب محمد رمضان جمالی بھی تھے۔اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد اسلم خان نیازی سمیت فیلڈ جیوری اور امپائرز نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔میچ سے قبل مہمان خصوصی ڈاکٹر غلام علی ملاح کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا جس کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا گیا۔
(جاری ہے)
ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ٹیموں کے جوش و جذبے اور کھیل کے لیے لگن کو سراہتے ہوئے ان کی مستقبل کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش کی۔میچ کے بہترین کھلاڑی پاکستان بورڈز کے محمد علی رہے جنہوں نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ میچ کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر محمد رمضان جمالی نے بھی کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔اس فتح نے چیمپئن شپ میں پاکستان بورڈز ہاکی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی ہے۔