04 اکتوبر ، 2024
کانگریس کی خاتون رہنما اور تلنگانہ ریاست کی وزیر ماحولیات کونڈا سریکھا نے اداکار ناگا چیتنیا اور سمانتھا پربھو کی طلاق سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کونڈا سریکھا نے ناگا چیتنیا اور سمانتھا کی طلاق سے متعلق اپنا بیان واپس لے لیا اور اس معاملے میں معافی بھی مانگ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ وہ ساؤتھ اداکاروں کی جوڑی کیوں الگ ہوئی، میں نے تبصرہ بی آر ایس لیڈر کے ٹی آر پر کیا تھا، جس نے میری تذلیل کی تھی۔
تلنگانہ کی وزیر نے مزید کہا کہ میرا پہلا بیان فلم انڈسٹری کے اندرونی ذرائع پر مبنی تھا، جو غلط تھا، میں اُسے واپس لیتی اور معافی مانگتی ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نہیں جانتا کہ جوڑا کیوں علیحدہ ہوا، اس بارے میں ناگا اور سمانتھا نے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
کونڈا سریکھا نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے کہ میں نے غصہ میں کہہ دیا ہو، لیکن جو کچھ کہا وہ سچ ہے، میں نے کچھ نہیں چھپایا، میں کے ٹی آر کو نہیں چھوڑوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اداکار جوڑی کا نام لینا پڑا کیونکہ بی آر ایس لیڈر نے میرے بارے میں تبصرے کیے، میری تذلیل کی، جس پر میں جذباتی ہوگئی۔
ریاستی وزیر نے کہا کہ مجھے کے ٹی آر پر تنقید کرنی پڑی، میری کسی اور سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، گزشتہ رات ہی میں نے اپنا تبصرہ غیر مشروط طور پر واپس لے لیا تھا۔
گزشتہ دونوں کونڈا سریکھا نے بی آر ایس لیڈر کے ٹی راما راؤ کو سمانتھا اور ناگا کی طلاق کا ذمے دار ٹھہرایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ کے ٹی آر نے این کنونشن سینٹر کو انہدام سے بچانے کےلیے سمانتھا سے تعلق کی بات کی، ناگا ارجنا نے اپنی بہو کو مجبور کیا لیکن اداکارہ نے انکار کیا، یہی بات طلاق کی وجہ بنی۔
ریاستی وزیر کے ان الزامات پر اداکارہ نے ردعمل دیا اور انہیں مسترد کردیا، جوڑے نے ایک بیان میں کونڈا سریکھا کی بات پر جواب دیا اور کہا کہ ہمارے علیحدگی کا فیصلہ باہمی تھا۔
دوسری طرف تیلگو اسٹار ناگا ارجنا نے سریکھا کے ریمارکس کی مذمت کی اور ریاستی وزیر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کروایا ہے اور کہا کہ وہ اپنے مخالفین پر تنقید کےلیے کسی فلمی اسٹار کی زندگی استعمال نہ کریں کیونکہ ہم سیاست سے دور رہتے ہیں۔