کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جم بنانے اور گورنر انیشیٹیو کے تحت آئی ٹی کلاسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔جاری اعلامیہ کےمطابق یہ اعلان انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی کی قیادت میں 17 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی اور سیکریٹری نے گورنر سندھ سےجم اور آئی ٹی کلاسز شروع کرانے کی درخواست کی تھی۔ ملاقات میں جمہوریت کے قیام، استحکام میں صحافت کے کردار سمیت دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، خدمت خلق اور معیشت کے استحکام پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
(جاری ہے)
گورنر سندھ نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں مستحقین کے لئے راشن کی تقسیم شروع کی، اب تک 7 لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کئے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ملکی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان آبادی کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، عصر حاضر کے آئی ٹی کے جدید مفت کورسز کرائے جارہے ہیں، اس وقت گورنر ہاوس میں 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کے مفت کورسز کر رہے ہیں، زیر تربیت نوجوان 300 سے 600 ڈالرز ماہانہ کما رہے ہیں، کورسز کی تکمیل کے بعد یہ نوجوان 1200 ڈالرز ماہانہ تک کما سکیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں بھی آئی ٹی کورسز کے لئے ٹیسٹ مکمل کرچکے، جلد حیدرآباد میں بھی آئی ٹی کورسز شروع کرنے جارہے ہیں، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی یہ کورسز شروع کریں گے، صوبہ کو آئی ٹی کا مرکز بنانا میرا مشن ہے۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مستحقین کے لئے مختلف منصوبے جاری ہیں، با صلاحیت نوجوانوں کو کاروباری پرپوزل پلان دیکھ کر قرضہ حسنہ دے رہے ہیں، ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک رقوم فراہم کی جارہی ہے، اسکولوں میں بچوں کو ناشتہ بھی فراہم کر رہے ہیں، خواتین کو سلائی مشینیں دی جارہی ہیں تاکہ یہ کپڑے سی کر اپنے بچوں کی کفالت کر سکیں، لوگوں کو علاج معالجہ کے لئے مالی مدد بھی فراہم کی جاری ہے، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 14 اگست اور 6 ستمبر کو تاریخ ساز جشن منایا گیا، گورنر ہاوس کے دروازے عام لوگوں کے لئے کھول دیئے اب تک 32 لاکھ افراد گورنر ہاوس آچکے ہیں، رمضان المبارک میں عوام کے ساتھ گورنر ہاوس میں افطاری کا اہتمام اور عید الاضحیٰ کے ایام میں مستحقین میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا، جبکہ اسٹریٹ کرائمز متاثرین کو موٹر سائیکل بھی فرام کی جارہی ہیں۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہائوس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آمد پر تمام مسالک و مذاہب کو ایک جگہ جمع کیا۔ گورنر ہاوس کے ذریعہ تمام صنعت کاروں، بزنس مین اور تاجروں کو جوڑا، آئی ٹی طلباءکے لئے گوگل سرٹیفکیشن بھی کرا رہے ہیں، اس کے علاوہ سفارت کاروں سے شاندار مراسم قائم کئے، قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں تاریخ ساز جشن منایا، اور شاہزیب رند کو چیمپئن بننے پر شیلڈ بھی دی۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سیکریٹری نیئر علی نے بتایا کہ نیشنل پریس کلب کے ممبران کی تعداد 3200 ہے، کلب کا کیمپ آفس راولپنڈی میں ہے جبکہ کلب میں خواتین ممبران کی تعداد 300 ہے