چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ کپتانی کیلئے مضبوط دعویدار کا انتخاب کرے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اکتوبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے مستعفیٰ ہونے کے فیصلے پر کھل کر اپنے موقف کا اظہار کردیا۔ ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق حالیہ میڈیا بریفنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی کہ کپتانی کیلئے مضبوط دعویدار کا انتخاب کرے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔ انہوں نے کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد ناراض بابر اعظم کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور بیٹر قومی ٹیم کیلئے انتہائی اہم ہیں، ہمیں ان کی بطور بیٹر خدمات کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں 2 اکتوبر کو وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دینے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا اور اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’وہ کپتانی چھوڑنے کے بعد بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے اور ذمہ داری پوری کرنے کیلیے تیار ہیں اس کے ساتھ ہی اپنی پرفارمنس پر توجہ بھی دینا چاہتے ہیں۔
(جاری ہے)
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کو مطلع کر دیا تھا، اس ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات رہی لیکن اب وقت آ گیا کہ میں کپتانی سے دستبردار ہو جاؤں اور اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کروں۔ خیال رہے کہ دوسرا موقع ہے جب بابراعظم نے قیادت کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، اس سے قبل بھارت میں شیڈول آئی سی سی مینز ورلڈکپ 2023ء ناقص کارکردگی پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور ٹیسٹ میں شان مسعود جبکہ ٹی20 میں شاہین کو ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ تاہم محض ایک سیریز میں شکست کے بعد شاہین سے کپتانی لیکر بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنادیا گیا تھا جس پر ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں تھی اور پھر ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے پر وائٹ بال ٹیم کا کپتان دوبارہ تبدیل کردیا گیا۔