کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وزیر برائے توانائی اور منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 5 لاکھ گھروں میں سولر سسٹم دینے کے منصوبے پر گفتگو ہوئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو چاہتے ہیں جلد از جلد 2 لاکھ سولر پینل کی تقسیم کی جائے، 5 بلین روپے سولر انرجی کیلئے اس سال کیلئے مختص ہیں. انہوں نےہدایت کی کہ محکمہ توانائی جلد سولر پینل تقسیم کا منصوبہ منظوری کیلئے بھیجے، میں چاہتا ہوں پی اینڈ ڈی ان جاری سکیموں کی انسپکشن کرے، اس سال 1812 جاری سکیمیں مکمل ہونی چاہئیں، تمام سکیمیں وقت پر بہترین معیار کے ساتھ مکمل چاہئیں۔
وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں5 لاکھ گھر بجلی کے نظام میں شامل نہیں، جاری سکیموں کی انسپکشن کے احکامات جاری کرتا رہتا ہوں، جاری سکیموں کی انسپکشن رپورٹ بھی وزیراعلیٰ سندھ سے شیئر کی جائیں گی۔