وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل دے دیا۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ موصوفہ نے ایک دوست اسلامی ملک پر خودکش حملہ کر دیا ہے، دوست ملک پر شریعت ختم کرنے کا بڑا الزام لگا کر خود کو شریعت کی ٹھیکیدار بنا رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ان فسادیوں کے ہوتے ملک کا بھلا نہیں ہوسکتا، بڑا دوست اسلامی ملک جو مسلم امہ کا ستون ہے اس پر یہ الزام بہت خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں۔
اپنے بیان میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے، ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے، اس کے بعد سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔