پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کے والد انتقال کر گئے، کپتان فوری طور پر کراچی روانہ

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعرات 10 اکتوبر 2024 12:49

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کے والد انتقال کر گئے، کپتان فوری طور پر کراچی روانہ
دبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10اکتوبر۔2024ء) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کے والد آج کراچی میں قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ اس افسوسناک خبر کے بعد فاطمہ ثناء نے پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاطمہ ثناء اس وقت دبئی میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کر رہی تھیں۔ ان کے والد کے انتقال کی خبر نے پوری ٹیم کو افسردہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ویمنز کرکٹ ٹیم کی تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے فاطمہ ثناء کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فاطمہ ثناء کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ویمنز ٹیم کل آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ 14 اکتوبر کو دبئی اسٹیڈیم میں گروپ اسٹیج کا آخری میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔ فاطمہ ثناء کی غیر موجودگی سے ٹیم میں ایک بڑا خلا محسوس کیا جائے گا، جو یقینا کل کے میچ پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner