محمد حفیظ کو ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست کا خدشہ ستانے لگا ... پاکستانی ٹیم ڈرا کے لیے کھیلے گی یا پھر اسے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور شکست کا سامنا ہوگا: سابق کپتان

پاکستانی ٹیم ڈرا کے لیے کھیلے گی یا پھر اسے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور شکست کا سامنا ہوگا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 اکتوبر 2024 12:34

محمد حفیظ کو ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست کا خدشہ ستانے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اکتوبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست کا خدشہ ظاہر کردیا۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں 43 سالہ محمد حفیظ نے کہا کہ ملتان میں کنڈیشنز خواہ کیسی بھی ہیں، انگلینڈ ٹیم اس وقت ڈرائیونگ سیٹ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے پاس جیتنے کے چانسز زیادہ ہیں۔ پروفیسر کے نام سے پہچانے جانے والے محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ نے مثبت سوچ کا مظاہرہ کیا اور ان کے پاس بہتر گیم پلان ہے ، انگلینڈ کی ٹیم 175 رنز سے زائد کر کے جیتنے کے لیے جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم صرف ڈرا کے لیے کھیلے گی یا پھر اسے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور شکست کا سامنا ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے روز کا کھیل اس وقت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے چوتھے روز اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑی اس وقت وکٹ پر موجود ہیں اور انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 658 رنز بنا لیے ہیں اور بلیو کیپس کی پاکستان پر سبقت 102 رنز ہو گئی ہے جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ جو روٹ 259 اور ہیری بروک 218 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بابر اعظم نے نسیم شاہ کی گیند پر جو روٹ کا آسان کیچ بھی ڈراپ کیا، اس وقت جو روٹ 186 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner