ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2024ء) پاکستان کے ہائی پرفارمنس کوچ ٹم نیلسن نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سب سے مشکل فارمیٹ ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں جو پانچ دن اچھا کھیلتا وہ بہتر رزلٹس حاصل کرتاہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ٹم نیلسن نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ ٹیم نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،انگلش کھلاڑی ہیری بروک نے اپنے کیرئیر کے 19 ویں ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنا لی یہ قابل تحسین ہے،اس نے ہمارے باؤلرز کو کوئی موقع نہیں دیا اور بھرپور سٹروکس کھیلے۔بابر اعظم سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے خلاف ٹیمیں تیاری کے ساتھ آرہی ہیں،ٹیمیں جانتی ہیں کہ بابر کہاں سکور کرتے ہیں،اتنے بڑے کھلاڑی کا کم بیک نہیں ہورہا ، بابر خود بھی بہت محنت کررہے ہیں۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ہمارا اہم سپنر ابرار احمد بیماری کے باعث اس وقت ہسپتال میں ہے۔بعد ازاں انگلینڈ ٹیم کے بیٹسمین ہیری بروک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلی اننگز میں ملتان کی بیٹنگ وکٹ کو میں نے استعمال کیا اور بڑا سکور کیا،میں سکور کر کے بہت تھک گیا تھا،چاہتا ہوں ہماری ٹیم میچ جیتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں،جو روٹ کے ساتھ کھیل کر بہت مدد ملتی ہے،جس طرح روٹ کھیلتا ہے انہیں دیکھ کر بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی اننگز میں ہم نے پلان کیا تھا کہ بری بال کو ہٹ کریں ۔انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ورلڈ کلاس باؤلر ہیں ، ملتان کی پچ پر ان کے خلاف اعتماد سے کھیلے۔