گورنر بلوچستان سے سربراہ ایف ڈی آئی کی قیادت میں وفد کی ملاقات، موسمیاتی تبدیلی، یوتھ پالیسی اور دیگر سرگرمیوں پر اظہار خیال

Live Updates

جمعرات 10 اکتوبر 2024 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2024ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے ایف ڈی آئی کی سربراہ عظمیٰ یعقوب کی قیادت میں وفد نے جمعرات کے روز گورنر ہائوس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مرتب ہونے والے اثرات، یوتھ پالیسی، ڈیجیٹل سکلز اور ماحول دوست سرگرمیوں کو وسعت دینے کے معاملات زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مفاد خلق کی پاسداری کو یقینی بنانے، عوام دوست پالیسیوں کو آگے بڑھانے اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت ہے۔ تہذیب یافتہ معاشرہ معذور افراد اور ٹرانس جینڈر سب کو ملا کر آگے بڑھتا اور برابری کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں ماحولیات کا موضوع شامل کر کے ہر گھر تک پیغام پہنچایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ اگرچہ آلودگی پیدا کرنے میں پاکستان کا کردار نہیں ہے لیکن گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے ممالک میں ہم شامل ہیں۔ انٹرنیشنل اداروں کے تعاون سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کر سکتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ایکو سسٹم کی بحالی میں گورنر ہائوس کوئٹہ کا پچھلے ڈیڑھ سو سال میں نمایاں کردار رہا ہے، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گورنر ہاؤس میں آٹھ ہزار درخت اور پودوں کی دیکھ بھال ماحولیاتی تحفظ کی ایک قابل تقلید مثال ہے۔ گورنر بلوچستان نے مختلف این جی اوز کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ تمام ماحول دوست کوششوں، تعلیم اور جدید ہنر مندی کے فروغ کیلئے گورنر ہاؤس کوئٹہ کا تعاون جاری رکھے گا۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :

اس پر پڑھیں تمام خبریں Header Banner