پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی میزبانی میں جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں گذشتہ روز ضلع خیبر میں پیش آنے والے واقعے کے تناظر میں پیدا شدہ صورتحال پر غور و خوص کے بعد اراکین صوبائی اسمبلی اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کے پر امن حل کے لئے مذاکراتی جرگہ منعقد کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ جرگہ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو افہام وتفہیم سے معاملے کوحل کرنے کے لئے مذاکراتی جرگہ منعقد کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنی میزبانی میں جرگہ منعقد کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں اعتماد کا اظہار کرنے پر گرینڈ جرگہ اراکین کا شکریہ ادا کیا۔
(جاری ہے)
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز جرگے میں شریک ہوئے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے وفاقی حکومت کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی جرگے میں اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی جبکہ جرگے میں شریک نمایاں سیاسی شخصیات میں بیرسٹر گوہرعلی خان، ایمل ولی خان، پروفیسر ابراہیم ، محسن داوڑ، میاں افتخار حسین، محمد علی شاہ باچا، سکندر شیرپاو، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، وفاقی وزیر امیر مقام اور دیگر شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جرگے میں شرکت کرنے پر تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جرگے کی سر براہی کے لیے اعتماد کرنے پر وہ تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صوبے میں امن کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں، شہری چاہے ان کا تعلق عوام سے ہو یا فورسز سے ،انکی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے امید ہے کہ اس جرگے کے ذریعے ہم درپیش مسئلے کے پر امن حل کے لئے راستہ نکالنے میں کامیاب ہونگے۔کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے ممکن ہے،اس مقصد کے لئے ہم نے پشتون روایات کے مطابق آج یہ جرگہ منعقد کیا ہے اور جرگے میں شریک تمام سیاسی قائدین کی آراءاور تجاویز کا بھر پور احترام کیا جائے گا۔ شرکاء نے معاملے پر امن حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا گرینڈ جرگہ بلانے پر وزیر اعلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے معاملہ افہام تفہیم کے ذریعے پر امن انداز میں حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔